ملک بھرمیں بجلی کابدترین بحران، لوڈشیڈنگ میں اضافہ،عوام بلبلااٹھے
شیئر کریں
ملک بھر میں بجلی بحران کی صورتحال سنگین ہوگئی ،مجموعی شارٹ فال 5000میگا واٹ تک پہنچ گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا اور مجموعی شارٹ فال 5000 میگا واٹ تک پہنچ چکا ہے اور متعدد علاقوں میں رات او ردن کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی رہی اور عوام سراپا احتجاج ہیں تاہم وزارت توانائی دعوے کررہی ہے کہ شارٹ فال 1500 میگا واٹ ہے اور لوڈشیڈنگ بھی کم ہورہی ہے۔پاور ڈویژن ذرائع نے بتایاکہ ملک میں اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزارمیگاواٹ اور طلب 24 ہزار میگاواٹ ہے اور ملک بھرمیں 8 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کا سسٹم اوورلوڈڈ ہے، 80 فیصد ٹرانسفارمراوورلوڈڈ ہیں، طلب بڑھنے کے باعث فیڈرزٹرپ کررہے ہیں۔دوسری جانب ترجمان وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ کم پانی کے اخراج کی وجہ سے تربیلااورمنگلا سے اس وقت 3300 میگاواٹ کی کم بجلی پیدا ہو رہی ہے، ملک کی کل بجلی کی ڈیمانڈ 24100 میگاواٹ ، سسٹم میں موجود پیداوار 22600 میگاواٹ ہے، تقسیم کار کمپنیوں کو نظام بہتر بنانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، بجلی کی پیداوار آنے والے دنوں میں بڑھ جائیگی، بجلی صارفین سے عارضی طور پر لوڈ مینجمنٹ پرمعذرت خواہ ہیں، اور گزارش کرتے ہیں بجلی استعمال میں اعتدال اپنائیں۔ادھربجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر نیپرا اتھارٹی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں بشمول کے الیکٹرک سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر وضاحت طلب کر لی۔ نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق تمام تقسیم کار کمپنیاں صارفین کو بلا تعطل اور قابل اعتبار بجلی فراہم کرنے کی پابند ہیں،اتھارٹی نے تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کے سربراہان کوجمعہ کو طلب کر لیا،تمام ڈسکوز کے سربراہان نیپرا اتھارٹی کو غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجوہات اور ان کے سدباب سے آگاہ کریں گے۔جبکہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہاہے کہ گزشتہ48 گھنٹوں کے دوران بجلی کا اوسط شارٹ فال ایک ہزار میگا واٹ رہا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ ہرگز بجلی کی قلت نہیں ہے، ضرورت سے زیادہ بجلی ہے، ہمارے پاس اضافی بجلی پورا سال ہوتی ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ شارٹ فال بڑے پن بجلی پاور پلانٹ کی بحالی اور کچھ تھرمل پاور پلانٹس کی بندش کے باعث آیا۔حماد اظہر نے کہا کہ تربیلا سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی آئندہ چار سے 6 روز میں واپس نیشنل گرڈ میں آجائے گی۔