کے الیکٹرک نے کراچی میں کورونا پھیلانے کا بیڑہ اٹھالیا
شیئر کریں
کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے کی جانے والی طویل لوڈشیڈنگ کورونا وائرس کے پھیلائو کا سبب بننے لگی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں چار سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے بڑی عمر کے افراد نیند پوری نہ ہونے کے باعث مختلف امراض بالخصوص کورونا کا شکار ہورہے ہیں کیونکہ نیند پوری نہ ہونے سے ان کی قوت مدافعت میں کمی واقع ہورہی ہے۔ اسی طرح بچے بھی بڑی تعداد میں کورونا وائرس کا شکار ہورہے ہیں۔ سندھ حکومت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں 1100 بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچے گھروں میں رہنے کے بجائے باہر نکل رہے ہیں اور اس جان لیوا وائرس میں مبتلا ہورہے ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور عوام کی جانوں کی سب سے زیادہ فکر کرنے والی سندھ حکومت کے سربراہ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ قوت مدافعت کی کمی کی وجہ سے کورونا وائرس سے مزید لوگوں کی امواتیں نہ ہوئیں تو پچھلے دو ماہ کی طرح کراچی کے شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور کے الیکٹرک کے بے لگام گھوڑے کو لگام ڈالیں اور سخت گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ سے باز رہنے کی تنبیہ کریں ورنہ کراچی کے عوام احتجاج کے لئے سڑکوں پر آجائیں گے۔