صنعتی علاقوں،تجارتی مراکز،بازاروں میں اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی،کے الیکٹرک
شیئر کریں
شہریوں کو فوری ریلیف کے لیے واضح حکمت عملی کے ساتھ عملی اقدام کیے جائیں،شمیم فرپو
کراچی (ویب ڈیسک)کے الیکٹرک کے نمائندوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کو رمضان المبارک کے باقی دنوںمیں صنعتی علاقوں، تجارتی مارکیٹوں اور بازاروں میں اب سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔کے الیکٹرک کے نمائندوں نے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر کے سی سی آئی کے عہدیداران اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ خریداری کا مصروف سیزن شروع ہو نے والا ہے لہٰذا کے الیکٹرک اس با ت کی یقین دہانی کرے گی کہ عوام کو خوشگوار ماحول میں عیدالفطر کی خریداری کریں اور صنعتی سرگرمیاں بلاتعطل جاری رہیں اور انہیں کے الیکٹرک سے کوئی شکایت لاحق نہ ہو۔اس ضمن میں کے الیکٹرک کا مرمتی عملہ صنعتی علاقوں، تجارتی مراکز اور بازاروں میں تعینات کیاجائے گا تاکہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔ یہ تمام یقین دہانیاں کراچی چیمبر میں ایک اجلاس کے دوران کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل افیئرز عامرنعیم ،ڈائریکٹر فائنانس عامر غازیانی،ڈائریکٹر ریجن ون شیخ ہمایوں صغیر اور کے الیکٹرک کے دیگر افسران کروائی جبکہ کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو، سینئر نائب صدرآصف نثار،چیئرمین پبلک سیکٹر یوٹیلیٹیز سب کمیٹی عظیم علوی، ایڈوائر برائے سب کمیٹی ڈاکٹر قاضی احمد کمال اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔کے الیکٹرک کے نمائندوں نے کراچی چیمبر سے درخواست کی کہ وہ مختلف تجارتی مراکز اور بازاروں کے لیے فوکل پرسن کی نام اور تفصیلات فراہم کریں تاکہ کے الیکٹرک کے متعلقہ مرمتی عملے سے ان کا رابطہ استوار کرایا جاسکے جس سے بجلی کے تعطل کو فوری دور کرنے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔انہوں نے عوام کو بجلی کے تعطل کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کے تعطل میں اچانک اضافے کی وجوہات بیان کی جس میں نیشنل گرڈ سے سپلائی میں کٹوتی اور حد سے زیادہ نمی شامل ہیں جس سے نمٹنے کے لئے نئی لائنوں کو نصب کیا جا رہا ہے ۔کے الیکٹرک کے نمائندوں نے آنے والے دنوںمیں صورتحال بہتر ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے بتایاکہ چین کی شنگھائی الیکٹرک کمپنی کے الیکٹرک کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے خطیر سرمایہ کاری کی حکمت عملی وضع کررہی ہے۔ یہ تمام اقدامات کے الیکٹرک کو بجلی کی پیداوار میں خودکفیل بنانے کے لیے کیے جارہے ہیں اور 2020تک یہ ادارہ خودکفالت حاصل کرلے گا جس کے بعد نیشنل گرڈ سے بجلی لینے کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی۔اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو نے کے الیکٹرک پر زور دیا کہ وہ رمضان المبارک میں واضح حکمت عملی اختیار کرے کہ کس طرح عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرتے ہوئے انہیں ریلیف فراہم کرنے کے عملی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ یہ امر پریشان کن ہے کہ کراچی والے نہ صرف سحر ی اور افطار میں بجلی معطل ہونے سے بری طرح متاثر ہیں بلکہ شہرکے کسی بھی علاقے میں اچانک کسی بھی وقت بجلی چلی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مصروف اور گنجان آباد علاقوں میں مسلسل بجلی کی بندش کی وجہ سے لوگوں اور ان کے خاندانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو بجلی اور پانی کے بغیر اپنا دن اور رات گزارنے پر مجبور ہیں جو کہ انتہائی غیر منصفانہ اور ناقابل قبول فعل ہے خاص طور پر ایسے وقت میں جب لوگوں کی اکثریت روزے سے ہوتی ہے۔کئی تاجر اور دکاندار بجلی کی فراہمی میں تعطل کے حوالے سے شدید تحفظات کا شکار ہیں اور وہ کراچی چیمبرسے مدد مانگ رہے ہیں ۔