کسٹم کی کارروائی ،مسقط جانے والے مسافر کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد
شیئر کریں
ملک کو بدنامی سے بچانے کے لیے منشیات کی روک تھام کے لیے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایس او پی بنارہے ہیں ،کلکٹر کسٹم پریونیٹو
کراچی (ویب ڈیسک)پاکستان کسٹم پریونیٹو نے جناح انٹرنیشنل پورٹ کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے مسقط جانے والے مسافر کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی ہے ۔کلکٹر کسٹم پریونیٹو کا کہنا ہے کہ ملک کو بدنامی سے بچانے کے لیے منشیات کی روک تھام کے لیے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایس او پی بنارہے ہیں جو جولائی کے آخری تک نافذالعمل ہوجائے گی ۔یہ بات انہوںنے جمعہ کو اے ایف یو کراچی ایئرپورٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔انہوںنے بتایا کہ 7اور 8تاریخ کی درمیانی شب کسٹم پرویونیٹو کے عملے نے عمان ایئرلائن کی مسقط جانے والی پروازWY-326/WY103میں سوار آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے برطانوی نژاد مسافرجاوید علی ولد قربان علی کے سامان کی تلاش لی تو انکشاف ہوا کہ مسافر نے سوٹ کیس کی پیکنگ میں براؤن کلر کی 7.75کلو گرام ہیروئن چھپائی ہوئی ہے ۔پکڑی جانے والی ہیروئن کی مالیت عالمی مارکیٹ میں 7کروڑ 75لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ۔کلکٹر کسٹم نے بتایا کہ گزشتہ سال پکڑے جانے والی 22کلو گرام ہیروئن اسمگلنگ اور اس کیس میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ ملزم جاوید علی کا تعلق بین الاقوامی اسمگلنگ گروہ سے ہے ۔ملزم خود بھی نشے کا عادی ہے ۔تفتیش کے بعد ہی اصل حقائق معلوم ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے پاکستان کسٹم بھرپور اقدامات بروئے کار لارہی ہے ۔ ملک کو بدنامی سے بچانے کے لیے منشیات کی روک تھام کے لیے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایس او پی بنارہے ہیں جو جولائی کے آخری تک نافذالعمل ہوجائے گی ۔