میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حکومت کا900 ارب کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

حکومت کا900 ارب کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
پیر, ۱۰ مئی ۲۰۲۱

شیئر کریں

آئندہ مالی سال میں 900 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، حکومت کا عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 20 ارب ڈالر قرض لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال میں نئے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا، اور اس ضمن میں 20 ارب ڈالر قرض بھی لیا جائے گا۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال میں شرح نمو بڑھانے کیلئے 900 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کرے گی۔وزیر خزانہ شوکت ترین نے عالمی خبر رساں ایجنسی بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ کورونا سے متاثرہ معیشت کی فوری بحالی کیلئے حکومت اقدامات لے گی۔ انہوں نے کہاکہ اگر زرعی اور صنعتی پیداوار نہ بڑھائی گئی تو مستقبل میں سڑکوں پر مظاہرے شروع ہو جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ بڑھتی آبادی کے باعث ملک میں ہر سال روزگار کے 20 لاکھ نئے مواقع فراہم کرنا ہوں گے ،شرح نمو اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے حکومت آئندہ مالی سال بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھائے گی۔انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال کیلئے شرح نمو کا ہدف 5 فیصد رکھا جائے گا ، رواں مالی سال کا بجٹ خسارہ 7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔انہوںنے کہاکہ آئندہ مالی سال ٹیکس وصولیوں کو بڑھا کر 6 ہزار ارب روپے سے زیادہ کیا جائے گا، آئی ایم ایف کے اہداف حاصل کرنے کیلئے متبادل ذرائع استعمال کیے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کو محصولات اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر متبادل ذرائع پر اعتماد میں لیں گے ، آئی ٹی برآمدات کو دو سال میں 2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 8 ارب ڈالر کیا جائے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں