میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ بلڈنگ، شہر قائد کے ایک ضلع میں دو قانون، کہیں ناجائزتعمیرا ت ، کہیں انہدام

سندھ بلڈنگ، شہر قائد کے ایک ضلع میں دو قانون، کہیں ناجائزتعمیرا ت ، کہیں انہدام

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۰ اپریل ۲۰۲۵

شیئر کریں

نارتھ کراچی ،نارتھ ناظم آباد ، گلبرگ، یاسین آباد، حسین آباد اور جوہر آباد میں کھلی چھوٹ
غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈرز فرار، وسطی کے دیگر علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات جاری
ڈی جی اسحق کھوڑوسے موقف لینے کے لئے رابطہ کرنے کی کوشش، مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا

شہر قائد کے ایک ضلع میں دو قانون ہو گئے۔ ڈائریکٹر جلیس احمد صدیقی نے لیاقت آباد ناظم آباد میں غیر قانونی تعمیرات کو روک دیا ہے جبکہ اپنے ہی ضلع کے دیگر علاقوں نارتھ کراچی ،نارتھ ناظم آباد ، گلبرگ، یاسین آباد، حسین آباد اور جوہر آباد سمیت تمام علاقوں میں بلڈرز کو کام کرنے کی غیر مشروط چھوٹ دے رکھی ہے۔ اس حوالے سے ایک سروے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر وسطی ایک ہی قانون کے مطابق تمام غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے ساتھ یکساں سلوک برتیں ۔ایسی امتیازی صورتحال میں عوام میں شدید اضطراب پیدا ہوسکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جس طرح وسطی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈروں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اسی طرزِ عمل کو جاری رکھتے ہوئے پورے ساتوں اضلاع کو غیر قانونی تعمیرات سے پاک کیا جائے۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل غیر قانونی تعمیرات میں پورے شہر پر بازی لے جاچکا ہے مگر شہر کے ساتوں اضلاع میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے ۔تاہم اگر اس عمل کو نہ روکا گیا تو کراچی کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گا جس کے باعث ان گنت سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔عوامی حلقوں میں یہ بات بھی گردش کر رہی ہے کہ یہ سارا کھیل غیر قانونی دھندوں سے خطیر رقمیں بٹورنے کے لئے کھیلا جارہا ہے۔ ابھی کچھ ہی دنوں بعد مقدمات میں نامزد کئے جانے والے بلڈرز سے خطیر رقمیں بٹورنے کے بعد انہیں پھر سے غیر قانونی دھندوں کی سرپرستی کی آزادی دے دی جائے گی ۔جرأت سروے میں واضح ہونے والی صورتحال پر ڈائریکٹر جنرل اسحاق کھوڑو سے موقف لینے کے لئے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر رابط ممکن نہ ہو سکا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں