حکومت اور اپوزیشن جماعتیں برُی طرح ایکسپوز ہو گئیں، سراج الحق
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی نے پارلیمنٹ میں ایک دوسرے کے بارے میں سچ کہا۔ مفادات کی لڑائی میں قوم کے سامنے دودھ کا دودھ ،پانی کا پانی ہو گیا۔ حکومت اور بڑی اپوزیشن جماعتیں بری طرح ایکسپوز ہو گئیں۔ پی ٹی آئی میں اپوزیشن کے لوگ اور اپوزیشن جماعتوں کے بیڑے میں پی ٹی آئی والے بیٹھے ہیں۔ یہ وہی چہرے ہیں جو 74برسوں سے ملک پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ حکمران اشرافیہ نے ملک کو اغیار کی شکار گاہ بنایا۔ حکمرانوںنے کشمیر کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا، ان لوگوں کے دور میں معیشت تباہ ہوئی اور ادارے کمزور ہوئے۔ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے۔ علما و مشائخ سے اپیل ہے کہ دین کی سربلندی اور ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنانے کے لیے خانقاہوں سے نکلیں۔ منبر و محراب کے وارث ہی ملک میں اسلامی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ علما ومشائخ کا فرض ہے کہ وہ ان مقاصد کے لیے جدوجہد کریں جن کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیںتھیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں علما و مشائخ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب افطار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔