میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نواز شریف اور زرداری ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں،پرویز رشید

نواز شریف اور زرداری ملاقات میں کوئی رکاوٹ نہیں،پرویز رشید

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۰ اپریل ۲۰۱۹

شیئر کریں

سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات ایشو نہ کوئی رکاوٹ ہے ،سیاستدانوں کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں،نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ کسی سے چھپا ہوا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پرویز رشید نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا ۔ انہوں نے کہا میاں محمد نواز شریف اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات نہ کوئی ایشو ہے ، نہ کوئی رکاوٹ ہے اور نہ کسی کی سفارش اور کوشش کی ضرورت ہے ، جس کا دل چاہے ، جب چاہے آ کر مل لے اور جس سے ملنے کو ہمارا دل چاہے گا ہم چل کر مل لیں گے ، ہمیں اس بارے میں کوئی شرم نہیں آتی۔ موجودہ حکومت کو آٹھ ماہ کا عرصہ گزر چکاہے تاہم آج تک وزیر اعظم عمران خان یہ نہیں بتا سکے کہ نواز شریف نے کس منصوبہ میں کمیشن لی ہے ، عمران خان کے وزرء اور خود عمران خان نیب کے ترجمان بنے ہوتے ہیں، عمران خان اور ان کے وزراء نیب نے جو اقدامات اٹھانے ہوتے ہیں اس کی پیشنگوئیاں دو، دو ، تین، تین ماہ پہلے کر دیتے ہیں، نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ کسی سے چھپا ہوا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان، سیاسی جماعتیں، سیاسی رہنما، سیاسی کارکن مقدمات بنائے جانے کو کبھی اپنے لیے مشکل نہیں سمجھتے ، عمران خان نے اس حد تک کہہ دیا کہ ملک سے جتنی منی لانڈرنگ ہو رہی ہے اس کی ذمہ دار عدلیہ اور عدلیہ کے فیصلے ہیں جن کی وجہ سے یہ منی لانڈرنگ ہو رہی ہے ، میں منتظر ہوں کہ کب عمران خان کے اس الزام پر عدلیہ کی جانب سے کوئی ریسپانس کیا جاتا ہے یا نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے خلاف مقدمات عمران خان کے اس کہرام کے نتیجہ میں بنے جو انہوں نے دن رات مچایا ہوا تھا اور وہ 24 گھنٹے کنٹینر پر کھڑے ہو کر اپنے ان الزامات کولگاتے تھے جس کے نتیجہ میں انہوں نے اداروں کو جن میں نیب شامل ہے ، دبائو میں لے کر آئے اور اس دبائو کے تحت یہ مقدمات بنائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دبائو رکھا جس کے نتیجہ میں نیب نے بہت سے مقدمات قائم کیے اور نیب اور عمران خان کا گٹھ جوڑ کسی سے چھپا ہوا نہیں ، عمران خان ان سے ملاقاتیں کرتے ہیں، عمران خان کے وزراء ان کو پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سے ہماری ایک شکایت تھی جب سینیٹ کا الیکشن تھا اور اس شکایت کا ہم نے برملا اظہار کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوتے ہیں اور جو اپنے دروازے اور کھڑکیاں بند کرکے رکھتا ہے وہ سیاستدان نہیں ہوتا، اس کا رویہ جمہوری نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بھی سیاستدان ہیں اور آصف علی زرداری بھی سیاستدان ہیں، میں دونوں کی ملاقات کا شیڈول نہیں بتا سکتا۔ ہم سب کی خواہش ہے کہ نواز شریف اپنی صحت کے مسائل حل کرنے کو اولیت دیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت سیاستدان نواز شریف کی ہر کسی سے ملاقات ہو سکتی ہے ، نواز شریف جیل میں ہیں اور قیدی ہیں، قیدی کیا بولے گا، قیدی کیا پریس کانفرنس کرے گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں