دودھ کی قیمت میں اچانک 25روپے فی لیٹر اضافہ
شیئر کریں
شہر قائد میں دودھ کی قیمت میں اچانک ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں دودھ کی قیمت میں اچانک پچیس روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔ ڈیری فارمرز ایکشن کمیٹی نے فی لیٹر دودھ ایک سو بیس روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد فی من دودھ چار ہزار پچاس روپے اور فی لیٹر فارم ریٹ ایک سو آٹھ روپے مقرر کردیے گئے ۔ڈیری فارمرز کے مطابق بھینس اور چارے کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے اور عمومی مہنگائی میں اضافہ کی وجہ سے دودھ کی قیمت بڑھانا ناگزیر ہے ۔ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ دودھ کی قیمت پر نظر ثانی کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کیے اور بارہا انتظامیہ کو تحریری درخواستیں دی گئیں لیکن کوئی شنوائی نہ ہوسکی، دودھ کی قیمت نہ بڑھنے سے ڈیری فارمنگ کی پوری صنعت دیوالیہ کے قریب پہنچ چکی تھی اس لیے مجبوراً قیمت میں اضافہ کررہے ہیں۔ ابھی ایک سال پہلے ہی دودھ کی قیمتوں کا مسئلہ اٹھا تھا جس پر سندھ ہائی کورٹ نے دودھ کی قیمت 85 روپے فی لیٹر برقرار رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کمشنر کراچی کو اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر قیمتوں کا ازسر نو جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔جس کے بعد گزشتہ سال کے اپریل میں دودھ کی قیمت بڑھا کر 94 روپے فی لیٹر کی گئی تھی، تاہم صرف ایک سال بعد ہی ڈیری فارمرز نے ایک بار پھر اندھیر مچاتے ہوئے 25 روپے فی لیٹر نرخ بڑھادیے ۔پہلے سے ہی مہنگائی کا شکار عوام نے یہ اضافہ بری طرح مسترد کردیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ من مانا اضافہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔