مسلح افواج ملکی دفاع کیلئے پوری طرح تیارہیں،آرمی چیف
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہر وقت تیار رہنا چاہیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یار خان کا دورہ کیا ، کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فیلڈ مشقوں کا معائنہ کیا ، آرمی چیف کو مشق ” شمشیر صحرا ” سے متعلق بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا، آرمی چیف نے مشقوں میں مصروف جوانوں کے ساتھ دن گزارا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج وطن عزیز کی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کے تربیتی معیار اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے بلند حوصلے کی بھی تعریف کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقے کار میں اضافہ کرنا تھا، مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔