شمالی وزیرستان ، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن 10دہشت گرد ہلاک،3 زخمی
شیئر کریں
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں 10دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق 8-9مارچ کو ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 8 مارچ کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ جس کے بعد دہشت گردوں کے صفائے کیلیے ہونے والے آپریشن کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک ہوئے۔اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے ضلع میں ایک الگ کارروائی کے دوران فورسز کو پاک افغان سرحد سے دراندازی اور پانچ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔دو طرفہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت حضرت عمر اور رحمان نیاز کے ناموں سے ہوئی جبکہ تین دہشت گرد زخمی ہوئے۔واضح رہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ پاکستان نے توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔