میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اپوزیشن جال میں پھنس گئی،زرداری پہلاٹارگٹ ہے، وزیراعظم

اپوزیشن جال میں پھنس گئی،زرداری پہلاٹارگٹ ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۰ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے 20روپے پیٹرول اور فضل الرحمن کو کم کیاہے، اندرون سندھ والوں سے کہتا ہوں کہ زرداری سے آزادی کا وقت آگیا ہے۔سندھ کے عوام زرداری مافیا سے آزادی چاہتے ہیں۔ میرا پہلا ٹارگٹ آصف علی زرداری ہو گا۔آصف زرداری خدا کے واسطے بلاول کو اردو توسکھا دیں ۔ان کو یہ بھی نہیں پتا کہ لڑکی آتا ہے یا آتی ہے ۔بدھ کو دورہ کراچی کے دوران گورنر ہائوس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ زرداری مافیا سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم کر رہا ہے اور پاکستان میں سندھ سب سے زیادہ تبدیلی چاہتا ہے۔ 14 سال سے سندھ کے عوام کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے تو دورہ کر لیا لیکن اب اگلی باری میں اندرون سندھ کا دورہ کروں گا۔ سندھ کے عوام سے کہتا ہوں آپ کی آزادی کا وقت آ گیا ہے۔ کراچی میں وہ کام کریں گے جو آج تک کسی نے نہیں کیے۔عمران خان نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں پیٹرول اور فضل الرحمان دبئی سے زیادہ سستا ہے اور ہم نے 20 روپے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر دو ماہ بعد چور اکھٹے ہوتے ہیں کہ آج حکومت گئی کل گئی۔ ڈاکوئوں کے گلدستے کو خود آنا شروع ہو گیا ہے۔ میں سوچ رہا تھا کہ اپوزیشن کی گردن کسی طرح میرے ہاتھ آ جائے۔ ڈاکئووں کو نہیں پتہ ہم نے کتنے بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد میں ان کے پیچھے جائوں گا اور میرا پہلا ٹارگٹ آصف علی زرداری ہو گا۔ یہ چوری کرتا ہے، ظلم کرتا ہے، کمیشن کھاتا ہے۔ آصف زرداری تمھارا وقت آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے ایک رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ مجھے 20 کروڑ روپے کی آفر ہوئی ہے تو میں نے کہا کہ پکڑ لو پیسے ویسے بھی یہ حرام کا پیسہ ہے۔ اس کے بعد کوئی پناہ گاہ کھول دینا کوئی لنگر خانہ کھول دینا کوئی یتیم خانہ کھول دینا۔عمران خان نے کہا کہ ہمارا ملک صحیح راستے پر نکل آیا اور ہر مشکل میں ہماری حکومت نکلتی گئی۔ اپوزیشن والوں نے وہ کام کیا جو میں اللہ سے مانگ رہا تھا۔ ڈاکوں کو نہیں پتہ کہ ہم نے کتنے بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا۔وزیر اعظم نے فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ڈیزل تم بھی تیار ہو جا۔ مقصود چپڑاسی والے تمہارا وقت بھی آ گیا ہے۔ ہم نے ان بڑے چوروں کو پاکستان کی جیلوں میں پہنچانا ہے جہاں انہیں بہت پہلے پہنچ جانا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو خدا کا واستہ ہے کہ اپنے بیٹے کو اردو تو سیکھا دو۔ 15 سال ہو گئے اب بھی بارش آتا ہے اور چینی اگتا ہے۔ میں نے انگریزوں کو دو سال میں اردو سیکھتے دیکھا ہے۔ یہ چوروں کا ٹولہ ملک کو بچانے کے لیے نکلا ہے۔عمران خان نے کہا کہ عدم اعتماد اپوزیشن والوں کی سیاسی موت ہے۔ میں ڈاکوئوں اور چوروں کے خلاف گزشتہ 25 سال سے جدوجہد اور جہاد کر رہا ہوں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اس نے میری دعائیں قبول کر لی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک بڑے عظیم خواب کا نام ہے اور اس ملک بننے کا جو نعرہ تھا وہ یہ تھا کہ اللہ کے سوا ہم کسی کے سامنے نہیں جھکتے۔ زرداری اور نواز شریف کے اقتدار میں ہوتے ہوئے ملک میں 4 سو ڈرون حملے ہوئے لیکن ایک دفعہ یہ نہیں بولے بلکہ تحریک انصاف باہر نکلی اور ڈرون کے خلاف دھرنے دیئے تھے۔ پاکستان کو سب سے دوستی کرنی چاہیے ہم کسی کے خلاف نہیں لیکن میں اپنی قوم کے مفادات کے خلاف کسی کو کارروائی نہیں کرنے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ اب ہم کسی جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ اگر یہ امن کے لیے نکلیں گے تو میں ان کے ساتھ نکلوں گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں