میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ، احسن اقبال

پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ، احسن اقبال

ویب ڈیسک
جمعرات, ۱۰ مارچ ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ہے، حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس فوری نہیں بلانا چاہتی، تمام ہتھکنڈوں پر غور کر رکھا ہے جو حکومت ممکنہ طور پر آزماسکتی ہے، وزیراعظم بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے الزامات نہ لگائیں ثبوت دیں۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بغاوت ہوچکی ہے،حکومت اس لئے فوری پارلیمنٹ کا اجلاس نہیں بلانا چاہتی،اپوزیشن کی عدم اعتماد کو ٹائی ٹائی فش کہنے والے کیوں اسمبلی اجلاس نہیں بلاتے، دو روز میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، دودھ کا دودھ پانی کاپانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی راہ ہموار کریں گے، وزیراعظم کہتے ہیں اپوزیشن کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے،وزیراعظم بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے الزامات نہ لگائیں ثبوت دیں، قوم کو بیرونی ہاتھوں کے بارے میں بتائیں، سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہتھکنڈوں پر غور کر رکھا ہے جو حکومت ممکنہ طور پر آزماسکتی ہے، سپیکر نے عدم اعتماد کیلئے قانون کے مطابق ایوان کی کارروائی نہ چلائی تو اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، سپیکر کو غیرجانبداری سے فرائض منصبی انجام دینے چاہئیں ، سپیکر اگر عمران خان کے جیالے بننا چاہتے ہیں تو مراد سعید کیساتھ کرسی پر بیٹھ کر مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غریبوں کو 50 لاکھ گھروں اور ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا، 50 لاکھ گھر بنا نے والا 500 غریبوں کو بھی گھر بنا کر نہیں دے سکا، بجلی اور گیس سستی کرنے کا وعدہ کرنیوالے نے اس کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا، سیاسی حریف ہوسکتے ہیں لیکن دشمن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو آج سوشل میڈیا کے ذریعے چلا رہے ہیں، وہ سوشل میڈیا کے وی لاگرز کے ذریعے ملک کی مشکلات حل کرنا چاہتے ہیں، بھارت کیساتھ محاذ آرائی پر بھی سوشل میڈیا کے وی لاگرز کو بلایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کی نظر میں ایک گالی بن چکے ہیں،حکومتی اتحادی جماعتیں نہیں چاہتیں کہ عمران خان کے حصے کی گالیاں خود کھائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے دعوئوں میں سچی ہے تو 32 ارب روپے میں سے 32 روپے کی کرپشن کا کیس بنائے،مجھ پر نارووال سپورٹس سٹی کو ہائی جیک کرنے کا کیس ہے،جنرل مشرف نے نواز شریف پر ہائی جیکنگ کا کیس بنایا، حکومت نے مجھ پر نارووال سپورٹس سٹی ہائی جیک کرنے کا کیس بنایا ہے، نارووال اسپورٹس سٹی آج بھی اپنی سرکاری سطح پر کھڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان بدنصیب وزیراعظم ہیں جنہیںموقع ملا اور وہ کچھ کام نہ کر سکے، تحریک عدم اعتماد وزیراعظم کی 4 سال کی ناکامی کے خلاف ہے،وزیراعظم سے پاکستان کے تمام نوکری پیشہ اور تاجر پریشان ہیں۔موجودہ حکومت نے ملک کی معیشت کا ستیاناس کر دیا ہے،وزیراعظم نے فارن فنڈنگ سے اپنا پورا چہرا داغدار کر رکھا ہے،غریبوں کو گھر بنانے کی اسکیم میں 60 ہزار روپے کی قسط بن رہی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں