وزیراعظم کے دن گنے جاچکے ،وہ ہوش وحواس کھوبیٹھے ہیں،وزیراعلیٰ سندھ
شیئر کریں
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 4 ایم پی ایز نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں منعقدہ سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نثار کھوڑو کے حق میں ووٹ ڈالا اسی طرح پی ٹی آئی کے ایم این ایز بھی متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیں گے۔یہ بات انہوں نے سینیٹ کے غیر سرکاری نتائج کے اعلان کے فورا بعد نومنتخب سینیٹر نثار کھوڑو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعلی سندھ نے نثار کھوڑو کو سینیٹ الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے چار ایم پی ایز اپنے طور پر نثار کھوڑو کو ووٹ دینے آئے تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا مظاہرہ کیا اور مجھے یقین ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز بھی قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حق میں ووٹ دیں گے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم عوامی جلسوں میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت کے خلاف جو غلیظ اور گندی زبان استعمال کر رہے ہیں وہ ان کی شکست اور بوکھلاہٹ کا مظہر ہے۔وہ جانتے ہیں کہ بطور وزیر اعظم ان کے دن گنے جا چکے ہیں، اس لیے وہ اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں اور قابل احترام قیادت کے خلاف اس طرح کی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی سیاسی میراث اور ثقافت ہے جو انہوں نے اپنی قیادت میں تیار کی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو سینیٹ الیکشن لڑنے میں کوئی دلچسپی نہیں تھی تو انہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اخراجات جو کہ انہوں نے الیکشن کے انعقاد پر کئے کو بچانے کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لے لینے چاہیں تھے تاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اخراجات بچ جاتے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بائیکاٹ نہیں تھا بلکہ ووٹ کھونے یا ہارنے کا خوف تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ ان کے اراکین نے ان سے علیحدگی اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نہ تو انہوں نے اور نہ ہی ان کے وزرا نے پی ٹی آئی کے کسی ایم پی اے سے رابطہ کیا لیکن انہوں نے پی پی پی کو ووٹ دینے کے لیے اپنے طور پر انتخاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنی پالیسیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کے عوام کو مایوس کیا ہے بلکہ اپنے منتخب اراکین کو بھی دھوکہ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی پارٹی اور قیادت سے لاتعلقی اختیار کرنا شروع کر دی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ نثار کھوڑو سینئر اور تجربہ کار سیاستدان ہیں اور وہ سینیٹ میں سندھ کے عوام اور پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نثار کھوڑو کو ایوان بالا کا رکن منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے کراچی سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام پہلے ہی وزیراعظم پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں اور متفقہ طور پر ان کی برطرفی کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں۔نومنتخب سینیٹر نثار کھوڑو نے پارٹی قیادت کا انہیں ٹکٹ دینے اور وزیراعلی سندھ اور پارٹی اور پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کا ان کے حق میں ووٹ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کے اعتماد اور حمایت کے لیے شکر گزار ہوں۔