نتائج کی تبدیلی، جعلی مارک سیٹس کا اجرا، تعلیمی بورڈ میرپور خاص میں میگا اسکینڈل سامنے آگیا
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی )تعلیمی بورڈ میرپورخاص میں میگا اسکینڈل سامنے آگیا، نتائج تبدیل کرنے سمیت بوگس جعلی مارک شیٹس کے اجراء کا انکشاف، لمس یونیورسٹی نے میرٹ پر ہونیوالے میڈیکل داخلوں میں درجنوں طلباء و طالبات کو انکی بوگس جعلی مارک شیٹ کی تصدیق ہونے پر شوکاز اور داخلہ منسوخی کے نوٹسز جاری کردیے، والدین طلبائ و طالبات شدید اضطراب کا شکار۔ تفصیلات کے مطابق لمس یونیورسٹی نے اپنے حالیہ سال 2023 کے میرٹ پر داخلہ لینے والے درجنوں طلبائ و طالبات کو تعلیمی دستاویزات کی تصدیق میرپورخاص تعلیمی بورڈ سے نتائج میں تبدیلی اور بوگس جعلی مارک شیٹ ثابت ہونے پر طلبائ و طالبات کو شوکاز اور داخلہ منسوخ کرنے کے نوٹسز بھجوادیے۔ کروڑوں روپے میڈیکل داخلہ کی فیسیں ادا کرکے داخلہ لینے والے طلباء و طالبات سمیت والدین شدید ذہنی دباؤ اور اذیت سے سکتے میں آگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گھناؤنے کام میں ملوث اور ماضی میں رنگے ہاتھوں ریکارڈ چوری کرنے اور دو بار آگ لگانے پر پکڑے جانیوالے سیکریٹ برانچ کے اسسٹنٹ کو بورڈ سربراہ کے پھر تعینات کرنے سے اس اسسٹنٹ نے دوبارہ یہ گھناؤنا نکام شروع کردیا ہے، لمس یونیورسٹی کے علاوہ دیگر صوبائی، ملکی و غیر ملکی کالجوں اور یونیورسٹیوں سے بھی ایسے سینکڑوں معاملات متوقع ہیں جو بہت بڑا المیہ اور بدنامی کا سبب ہونگے اس اسکینڈل سے ڈویڑن بھر کے تمام طلباء و طالبات کا مستقبل خطرے میں پڑگیا ہے، تعلیمی بورڈ میرپورخاص ایک آئینی ادارہ ہے جس میں بدعنوانی کا ایسا بھیانک اسکینڈل سامنے آیا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔