ایل این جی اسکینڈل، نیب نے مفتاح اسماعیل کو طلب کر لیا
شیئر کریں
قومی احتساب بیورو (نیب)نے مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کو تحقیقات کے لیے ایک بار پھر طلب کر لیا ہے ۔نیب نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ایل این جی اسکینڈل میں تحقیقات کے لیے ریکارڈ سمیت گیارہ جنوری کو نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے ۔ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل کو سابق سربراہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی)کی حیثیت سے طلب کیا گیا ہے جب کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی ایل این جی اسکینڈل میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے دس ستمبر 2018 کو نیب سے ایل این جی کنٹریکٹ کے سلسلے میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔اس سے قبل نیب نے دس جولائی 2018 کو بھی مفتاح اسماعیل کو گیس کے غیر قانونی ٹھیکوں کی تحقیقات کے سلسلے میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا۔نیب کے مطابق سابق دور حکومت میں ایل این جی کی خریداری سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا تھا۔