مہنگائی کیخلاف پیپلزپارٹی میدان میں آگئی،کل ملک گیراحتجاج کااعلان
شیئر کریں
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں کا نیا بلدیاتی نظام ایک بہترنظام ہے،ہم چاہیں گے کہ آنے والے دنوں میں بھی وفاق اورصوبے میں ہماری حکومت بنے،کراچی شہر کی ترقی میں تسلسل کے حوالے سے کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا،مشکلات میں کمی کے لیے پیپلزپارٹی کی کوششیں قوم کے سامنے ہیں،عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے،ہم محنت اورپوری تیاری سے عوام کا مقدمہ لڑرہے ہیں،تاکہ حکومت کومجبورکرکے عوامی مشکلات میں کمی لائی جائے۔ وہ وزیراعلی ہائوس میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پرگفتگو کررہے تھے۔انھوں نے کہا کہ تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر دیا ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت درست کر سکتی ہے،10دسمبر کوپیپلزپارٹی کارکنان مہنگائی کے خلاف ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے کریں گے،17 دسمبر کوبھی ملک گیرمظاہرے ہونگے،عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے معاشی بدحالی کو ایڈٹ کرکے معاشی ترقی بنادینے سے پاکستان کے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کے لئے ضروری ہے کہ عمران خان کے اسٹیٹس کو کو توڑا جائے،معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیالیا مگر انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے،نصف صدی کے تجربے کی حامل پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے، جو ملک کی معاشی سمت کو درست کرسکتی ہے۔