بھارتی جاسوس کلبھوشن سے اس کی والدہ اور بیوی ملاقات کرسکیں گی،پاکستان نے بھارت کی درخواست منظور کرلی
شیئر کریں
اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادو سے اْس کی والدہ اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے کہاہے کہ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو بھی ساتھ جانے کی اجازت ہوگی ٗ سب کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی ٗ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کل بھوشن یادو سے اِس کی بیوی کو ملنے کی اجازت دی تھی، تاہم بھارت نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ کل بھوشن کی اہلیہ سے پہلے اس کی والدہ کو ملنے کی اجازت دی جائے ٗپاکستان نے بھارتی درخواست کو منظور کرلیا ہے اور کل بھوشن یادو سے والدہ اور بیوی دونوں کو ملنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ فیصلے کے حوالے سے بھارت کو آگاہ کردیا گیا ہے اور کل بھوشن سے خاندانی افراد کی ملاقات 25 دسمبر کو ہوسکتی ہے، جبکہ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو بھی ساتھ جانے کی اجازت ہوگی اور سب کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کے دورہ پاکستان سے قبل امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ ایک اہم دورے سے قبل امریکی حکام کا بیان غیرضروری اور حقائق کے منافی ہے، پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ہوچکا ہے، اب اس طرح کے الزامات دو طرفہ تعلقات کو متاثر کرسکتے ہیں۔