عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی کا آج فیصلہ کن جرگہ
شیئر کریں
آج9؍نومبر کو خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریک چلانے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کے لیے جرگے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔صوابی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی و صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی نے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے ہمراہ جرگے کے متوقع مقام کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیرا علی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے مطابق صوابی موٹروے ریسٹ ایریا کے مقام پر تحریک انصاف 9 ؍نومبر کو پاور شو کر رہی ہے جس میں قائدین اور کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔واضح رہے کہ چند دن پہلے پشاور میں ایک تقریب کے موقع پر علی امین نے صوابی جرگے کو فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا تھا، انہوں نے بتایا تھا کہ صوابی میں مشاورت سے حتمی فیصلہ ہو گا۔ احتجاجی تحریک کے حوالے سے فیصلہ کن کال دیں گے اور پھر مکمل اس کے مطابق تحریک کے لیے نکلیں گے ۔انہوں نے واضح کیا کہ اس بار وہ احتجاج کرکے واپس نہیں آئیں گے بلکہ کسی حد تک بھی جانے کو تیار ہیں۔ ہم گھر پر بتا کر نکلیں گے کہ ہمیں کچھ ہو گیا تو شہید کہلائیں گے ، ہم حقیقی آزادی کے لیے نکل رہے ہیں اور لے کر ہی واپس آئیں گے ۔