سعودی عرب، قطر سے کہہ دیا اب کشکول لے کر نہیں آئیں گے ،شہباز شریف
شیئر کریں
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر سے کہہ دیا اب کشکول لے کر نہیں آئیں گے ، ملکی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے ۔اسلام آباد میں یوم اقبال کی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے سردیوں کے 3 ماہ میں بجلی کے اضافی استعمال پر سہولت پیکیج دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر جا کر کہا اب کشکول لے کر نہیں آئیں گے ، ملک کی معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے ۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اقبال کے فلسفے اور خودی کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ، مصور پاکستان کی شاعری نے قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام دیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں علامہ اقبال کے پیغام کولے کر آگے بڑھ رہی ہے ، اپنے اخراجات پر بہت دھیان سے فیصلے کرتے ہیں۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ بنایا اور لاکھوں بچوں کو وظائف دیے ، ہم نے لاکھوں بچوں کو لیپ ٹاپ دیے ۔انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں، جن کے بچے تعلیم سے مالا مال ہوتے ہیں، حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال مہنگائی 30 فیصد پر تھی آج 6 اعشاریہ 7 فیصد پر پہنچ گئی ہے، 2022ء میں شرح سود 23 فیصد تھا آج کم ہوکر 15 فیصد پر ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ دسمبر تا فروری تک بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا جارہا ہے ، بجلی سہولت پیکیج کے تحت صارفین کے لیے اضافی بجلی استعمال پر فلیٹ 26 اعشاریہ 7 پیسے فی یونٹ ہوگا۔شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے گھریلوں صارفین کو اضافی استعمال پر خاطر خواہ بچت ہوگی، بجلی کے ونٹر پیکیج سے ملک بھر میں صنعت کا پہیہ تیز ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کمرشل صارفین کو اضافی بجلی استعمال پر 34 سے 47 فیصد بچت ہوگی، پیکیج کا اطلاق یکم دسمبر 2024ء سے 28 فروری 2025ء تک ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے ونٹر پیکج کے لیے وزیر توانائی اویس لغاری کا شکریہ، الحمداللہ آج کی صورتحال سے ہمیں حوصلہ ملے گا۔