حکومت کا صارفین کیلئے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان
شیئر کریں
وفاقی حکومت نے موسم سرما کے لیے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کردیا، پاور ڈویژن کے مطابق موسم سرما کے 3 ماہ بجلی کے اضافی استعمال پر 26روپے 7پیسے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی سہولت پیکیج دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک نافذ رہے گا، گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین پر بھی اطلاق ہوگا۔پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ 3 سالوں کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 26 روپے پیسے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا، بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین کے لیے ہوگا۔پاور ڈویژن کے مطابق سہولت پیکیج کا اطلاق مالی سال 2022 کے مقابلے میں 20 فیصد، مالی سال 2023 کے مقابلے میں 30 فیصد مالی سال 2024 کے مقابلے میں 50 فیصد اضافی استعمال پر ہوگا۔پاور ڈویژن کے مطابق گھریلو صارفین کو دسمبر تا فروری 3 کے دوران بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 30 فیصد یا 11 روپے 42 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 50 فیصد یا 26 روپے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔ پاور ڈویژن کے مطابق کمرشل صارفین کو دسمبر تا فروری 3 کے دوران بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 34 فیصد یا 13 روپے 46 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 47 فیصد یا 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔پاور ڈویژن کے مطابق صنعتی صارفین کو دسمبر تا فروری 3 کے دوران بجلی کے کم سے کم اضافی استعمال پر 18 فیصد یا 5 روپے 72 پیسے فی یونٹ اور زیادہ سے زیادہ اضافی استعمال پر 37 فیصد یا 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ کی بچت ہوگی۔