حکومت کاسودی بینکاری نظام سے متعلق فیصلے کے خلاف تمام اپیلیں واپس لینے کااعلان
شیئر کریں
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سود سے متعلق فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت ملک میں اسلامی نظام کو جلد از جلد نافذ کرنے کی پوری کوشش کرے گی،ملک میں اسلامی بینکنگ کے نظام کو آگے بڑھا رہے ہیں، 75 سال سے جاری بینکاری نظام کو یک دم تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ملک میں اسلامی بینکنگ کے نظام کو آگے بڑھا رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی تیزی سے اسے نافذ کریں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے گزشتہ دنوں سودی نظام کے خلاف فیصلہ دیا ہے، قرآن و سنت کا بھی یہی حکم ہے، اس فیصلے کیخلاف اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔انہوںنے کہاکہ اس معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی، گورنر اسٹیٹ بینک سے خصوصی مشاورت کی گئی، ہمارے نزدیک فیصلہ کرنے کا معیار قران و سنت ہے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لے لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے حکومت اہم اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پوری کوشش کرے گی کہ ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرے، اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم ملک میں سود سے پاک اسلامی نظام کو نافذ کرسکیں، اس میں چیلنجز ہیں، 75 سال سے جاری بینکاری نظام کو یک دم تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن حکومت نے اپنی حد تک کی گئی اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔