بلاول نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کی پیشکش مسترد کردی، پیپلزپارٹی کا دعویٰ
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ کی پیشکش مسترد کردی۔واضح رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پارلیمنٹ کی اعلیٰ ترین کمیٹی ہے جو حکومت کے اخراجات اور ریونیو کے آڈٹ پر نظر رکھتی ہے ۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں حکومتی نشستوں سے ایک وفاقی وزیر نے بلاول بھٹو زرداری کو پی اے سی کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بلاول بھٹو نے مسکراتے ہوئے پیشکش مسترد کردی اور کہا کہ وہ مذکورہ معاملے پر اپوزیشن کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے ٹوئٹ کیا کہ ‘ایک مرتبہ پھر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو نے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا اور پی اے سی کے چیئرمین شپ کا عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کو تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔دوسری طرف وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے کسی وزیر نے بلاول بھٹو کو چیئر مین پی اے سی بنانے کی پیشکش نہیں کی ۔