میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

جرات ڈیسک
پیر, ۹ اکتوبر ۲۰۲۳

شیئر کریں

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے فلسطین اور غزہ کے درمیان جنگ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی)کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس ہوا لیکن نہ تو اس میں کوئی باضابطہ قرارداد پیش ہو سکی اور نہ ہی مشترکہ اعلامیہ جاری ہو سکا۔یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے کے روز اسرائیل کے خلاف آپریشن الاقصی فلڈ شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 1000 سے زائد اسرائیلی شہری اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کو یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست یورپی اتحاد کے رکن ملک مالٹا نے دی تھی۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں شریک متعدد ارکان نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی لیکن کسی بھی مشترکہ اعلامیے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔سینیئر امریکی سفارت کار رابرٹ ووڈ نے بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ حماس کے حملوں کی مذمت کرنے والے ممالک کی ایک اچھی تعداد ہے۔ لیکن ظاہر ہے کہ یہ سارے نہیں ہیں۔ووڈ نے روس کی طرف واضح اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ شاید میرے کچھ کہے بغیر ان میں سے ایک کا پتہ لگا سکتے ہیں۔سفارت کاروں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے کسی بھی مشترکہ بیان پرغور نہیں کیا، ایک لازمی قرارداد تو دور کی بات ہے، روس کی سربراہی میں ارکان حماس کی مذمت کرنے کے بجائے اس معاملے پر وسیع تر توجہ دینے امید رکھتے ہیں۔اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویسیلی نیبنزیا نے کہا کہ میرا پیغام فوری طور پر جنگ بندی کرنے اور بامعنی مذاکرات کی طرف جانے کا تھا، جس کے بارے میں سلامتی کونسل نے کئی دہائیوں سے کہہ رکھا ہے۔انہوں نے کہا، یہ جزوی طور پر حل طلب مسائل کا نتیجہ ہے۔چین، جو عام طور پر سلامتی کونسل میں روس کا اتحادی ہے، نے کہا کہ وہ ایک مشترکہ بیان کی حمایت کرے گا۔سفیر ژانگ جون نے کہا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے اس سے قبل شہریوں کے خلاف تمام حملوں کی مذمت کے لیے چین کی حمایت کا وعدہ کیا تھا۔اجلاس شروع ہونے سے قبل اسرائیلی سفیر گیلاڈ ایردان نے حماس کی جانب سے یرغمال بنائے جانے والے اسرائیلی شہریوں کی تصاویر دکھائیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں