ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ کی نااہلی ،70لاکھ کی مزید بے ضابطگیاں
شیئر کریں
(رپورٹ:مسرور کھوڑو) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنس میں انتظامیہ کی نااہلی کے باعث 70 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا مزید ایک اور انکشاف سامنے آگیا ہے ، نئی لائنوں کی توسیع اور 8میٹرز کے لئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کوادائیگی کی گئی، جس سے حکومتی خزانے کو نقصان ہوا۔روزنامہ جرأت کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019-20میں کووڈ 19سے متعلق اخراجات کی تفتیش کے دوران ظاہر ہوا ہے کہ وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی کے دفتر کے اکاؤنٹس سے 70لاکھ 7ہزار روپے کی رقم نکالی گئی، متعدی بیماریوں کے کنٹرول اسپتال نیپا میں نئی لائنوں سمیت 8میٹر زکی خریداری کے لئے 8؍جون2020کو چیک نمبر 30265732 سے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو ادائیگی کی گئی، جس سے حکومتی خزانے کو نقصان ہوا، اوریہ انتظامی نااہلی کا بھی ایک واضح ثبوت ہے ، تفتیشی ادارے کی جانب سے متعلقہ حکام کو ذمہ داران کے تعین کے ساتھ رقم کی ریکوری کے لیے سفارش کی گئی، اس حوالے سے ڈاؤ یونیورسٹی ہیلتھ اینڈ سائنس انتظامیہ سے موقف لینے کے لئے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن جواب موصول نہیں ہو سکا۔