سابق وزیر محنت سعید غنی کی ناکامی، سیسی میں کروڑوں روپے کا ایک اور اسکینڈل
شیئر کریں
سابق وزیر محنت سعید غنی کی ناکامی، سیسی میں کروڑوں روپے کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا، من پسند ٹھیکیدار کو 13 کروڑ کے ٹھیکے میں 17 کروڑ جاری ، فنڈ جاری ہونے کے باوجود نرسنگ اسکول کی عمارت مکمل نہ ہوسکی، اینٹی کرپشن میں بھی انکوائری جاری۔ جراٗت کو موصول دستاویز کے مطابق محکمہ محنت سندھ کے ماتحت سندھ ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کی لانڈھی میں نرسنگ اسکول اینڈ ہاسٹل کی تعمیر کا ٹھیکہ 2019 میں 13 کروڑ روپے کا من پسند ٹھیکیدار میسرز این کے زیڈ انجنیئرنگ ایسوسی ایٹ کو جاری کیا گیا، لانڈھی نرسنگ اسکول اینڈ ہاسٹل کی تعمیر کے ٹھیکے کی تعمیرات کی خریداری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سعادت احمد میمن تھے، انجنیئر محمد وسیم اور انجنیئر جاوید احمد بھیو میمبر تھے، لانڈھی اسکول اینڈ ہاسٹل کے 13 کروڑ کے ٹھیکے کے بعد من پسند ٹھیکیدار میسرز این کے زیڈ انجنیئرنگ ایسوسی ایٹ کو 17 کروڑ روپے جاری کردیئے گئے جس پر کمیٹی چیئر مین ڈاکٹر سعادت میمن اور میمبران نے کوئی اعتراض نہیں کیا، خطیر رقم جاری کرنے کے باوجود عمارت کے کئی حصوں میں چھت بھی تعمیر نہیں ہوسکی، لانڈھی نرسنگ اسکول اینڈ ہاسٹل کی عمارت کے کسی بھی ایک حصے کو مکمل نہیں کیا گیا اور تمام بلاکس کا تعمیراتی کام نامکمل ہے، کئی کلاس رومس اور ہاسٹل کے کمروں میں ،دروازے بھی نہیں لگائے گئے۔ سیسی کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ لانڈھی نرسنگ اسکول کا تعمیراتی کام میں غیر معیاری مٹیریل استعمال کیا گیا ہے ، یہ عمارت نالے کے اوپر بنائی گئی ہے اور نالے میں پانی بھرنے یا برساتوں کے دوران عمارت کے گرنے کا بھی خدشہ ہے، اہم منصوبے میں تاخیر ، غیر معیاری تعمیرات اورتعمیرات نالے کے اوپر کرنے کے باوجود سابق وزیر محنت سعید غنی نے کوئی تحرک لیا اور نہ عمارت کی تعمیر مکمل کرنے کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری کیں، لانڈھی نرسنگ اسکول اینڈ ہاسٹل کے تعمیراتی منصوبے میں کرپشن کی شکایت اینٹی کرپشن سندھ کو کئی گئی اور اینٹی کرپشن نے افسران کو نوٹس بھی جاری کئے ہیں، لانڈھی نرسنگ اسکول اینڈ ہاسٹل کے ٹھیکے کی خریداری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر سعادت میمن کا شمار کرپٹ افسران میں ہوتا ہے اور اینٹی کرپشن اسٹبلشمنٹ سندھ میں3 انکوائریز جاری ہیں، ڈاکٹر سعادت میمن کے خلاف الٹرا سائونڈ مشین اور دیگر طبی آلات کی خریداری میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے ، لانڈھی اسپتال میں ادویات کی خریداری میں کرپشن کے الزام میں انکوائری اینٹی کرپشن سندھ میں ہو رہی ہے۔