میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جعلی اکاؤنٹس اوپر سے ہدایات آنے پرکھولے گئے ،ایف آئی اے کا انکشاف

جعلی اکاؤنٹس اوپر سے ہدایات آنے پرکھولے گئے ،ایف آئی اے کا انکشاف

ویب ڈیسک
منگل, ۹ اکتوبر ۲۰۱۸

شیئر کریں

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) کے حکام نے سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی کو بتایا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس سے متعلق تفتیش کے دوران بینک عملے نے یہ انکشاف کیا کہ اوپر سے ہدایات آنے پر جعلی اکاؤنٹس کھولے گئے ۔ایف آئی اے نے سائبر کرائم سے متعلق کیسز میں غیر معمولی اضافے کا بھی انکشاف کیا۔سینیٹر عثمان کاکڑ کی صدارت میں سینیٹ کی کم ترقی یافتہ علاقہ جات سے متعلق فنکشنل کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ اور ایف آئی اے حکام شریک ہوئے ۔ایف آئی اے حکام نے ادارے کی کارکردگی سے متعلق بتایا کہ سائبر کرائم سے متعلق شکایات درج کنندہ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 2013سے 2016تک کیسز کی رجسٹریشن میں اضافہ اور 2016سے 2017تک کیسز کی رجسٹریشن میں کمی آنا شروع ہوئی ہے ۔حکام نے اقرار کیا کہ ایف آئی اے میں اسٹاف کی کمی ہے اور عملے پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے ۔
ایف آئی اے کی کارکردگی کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ ہیومن اسمگلرز کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور 2016میں اسمگلرز کے 65 سہولت کار گرفتار کیا گیا۔علاوہ ازیں کمیٹی کو بتایا کہ آئی بی ایم ایس کے استعمال سے ایف آئی اے کا ڈیٹا ہیک نہیں ہو سکتا۔ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بارڈر پر ہر جگہ پر ایف آئی اے کی چیک پوسٹ نہیں ہیں۔اس ضمن میں سینیٹر گیان چند نے سوال اٹھایا کہ کچھ لوگوں کے اکاؤنٹس میں پیسے آ رہے ہیں، بتایا جائے کہ رقم اکاؤنٹ میں بھیجنے والے کون ہیں؟جس پر ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ مجموعی طور پر 35 ارب روپے کے جعلی اکاؤنٹس پکڑے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اکاؤنٹس کے معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے جو جعلی اکاؤنٹس کے معاملے کو دیکھ رہی ہے ۔اس حوالے سے ایف آئی اے حکام نے اقرار کیا کہ رقم کی اکاؤنٹ میں منتقلی کا معاملہ جے آئی ٹی کے علم میں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 25 ہزار تنخواہ وصول کرنے والے شخص کے اکاؤنٹ میں 5 کروڑ روپے آئے تھے تو بینک کے ہیڈ کو بھی ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا۔ایف آئی اے نے بتایا کہ بینک عملے نے انکشاف کیا کہ اوپر سے ہدایات آنے پر جعلی اکاؤنٹس کھولے گئے ۔چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ اگر جعلی اکاؤنٹس میں بینک عملہ ملوث ہے تو بینک تاحال کیوں بند نہیں کیے گیے ؟کمیٹی نے ہدایت کی کہ جعلی اکاؤنٹس کے معاملے میں ملوث بینک کو بند کیا جائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں