ڈائومیڈیکل کالج میں نرسنگ امتحانات کے دوران طالب علم جاں بحق
شیئر کریں
واقعہ ناقص انتظامات اورانتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا،وائس چانسلر نے ہارٹ اٹیک قراردے جان چھڑالی
نرسنگ کے امتحانات میں طلبہ کو کوئی سہولت میسر نہیں ،پنکھے چلائے جارہے ہیں نہ پینے کاپانی میسرہے ،طلبہ
کراچی ( رپورٹ: مسرور کھوڑو ) کراچی کی ڈائو میڈیکل یونیورسٹی میں نرسنگ کے امتحان کے دوران ناقص انتظامات اور انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث طالب علم کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے ، وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی نے طالب علم امیر بخش شر کی ہلاکت کو ہارٹ اٹیک قرار دیا ہے ، پروگریسو یوتھ الائنس اور طلبہ کی تمام تنظیموں نے معاملہ کی انکوائری اور زمہ دار ڈائو انتظامیہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق چند روز سے ڈائو یونیورسٹی اور اس سے منسلک میڈیکل کالجز کے نرسنگ کے امتحانات جاری ہیں، امتحانی کمرے میں طلبہ کو کسی قسم کی سہولت میسر نہیں ہے ، نہ ہی پنکھے چلائے جا رہے ہیں، جبکہ شدید گرمی میں طلبہ کو پینے کیلئے پانی بھی میسر نہیں کیا جا رہا ہے لیکن طلبہ سے فیس کی مد میں لاکھوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، امتحانی سینٹر میں عدم سہولیات کے باعث طالب علم امیر بخش شر کے طبیعت خراب ہو گئی بی ہوش ہوگئے ، جس کے بعد اس کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں پر عدم طبی سہولیات کے باعث جناح اسپتال ریفر کیا گیا تو راستے میں ہی طالب علم امیر بخش نے آخری سانسیں لیں، ڈائو انتظامیہ کی سراسر غفلت اور نااہلی کی وجہ سے طلبہ میں شدید غم و غصہ ہے ، اس حالے سے ڈائو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی کا کہنا ہے کہ امتحان کے دوران طالب علم امیر بخش کو ہرٹ اٹیک ہوا جس کی وجہ سے وہ فوت ہوگئے ۔ دوسری جانب سے پروگریسو یوتھ الائنس، پروگریسو اسٹوڈنٹس کلیکٹو و دیگر طلبہ کی تنظیموں نے 11اگسٹ کو ڈائو انتظامیہ کے خلاف اور انصاف کی فراہمی کیلئے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔