میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی کے مسائل حل کرنے میدان میں آیاہوں،مایوس نہیں کروںگا،مرتضی وہاب

کراچی کے مسائل حل کرنے میدان میں آیاہوں،مایوس نہیں کروںگا،مرتضی وہاب

ویب ڈیسک
پیر, ۹ اگست ۲۰۲۱

شیئر کریں

ایڈمنسٹریٹرکراچی،سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ضلع ملیر میں ایک ترقیاتی پروجیکٹ بنا رہی ہے اس منصوبے کے ذریعہ ضلع ملیر کو موٹر وے M9 سے منسلک کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو بہترین سہولت میسر آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ملیر میں جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت جو سڑک تعمیر کی جارہی ہے اس کی لمبائی 8.8 کلومیٹر ہے اس منصوبے میں ایک پل بھی تعمیر کیا جائے گا جو ندی کے اوپر سے گزرے گا، منصوبے کی تکمیل کے بعد ضلع ملیر، ملیرکینٹ، ایئر پورٹ اور شارع فیصل کا سفر نہایت آسان ہوجائے گا، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو ڈیڑھ سے دو ماہ میں مکمل کرلیں گے، مرتضی وہاب نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کی خدمت کرنے کا جو جذبہ شروع کیا ہے اس کو آگے لے جانا مقصود ہے، لوگوں کو ریلیف فراہم کرنا بلاول بھٹو زرداری کا مشن ہے اور ہم اس مشن کو ہر صورت میں کامیابی سے ہمکنار کریں گے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں تعمیراتی منصوبے جاری ہیں جن کی میں خود بھی نگرانی کررہا ہوں، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہریوں کو کراچی میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی خدمات میں بہتری لانے کیلئے بھر پور کوکشش کی جائے گی اور شہریوں کو بہتر سے بہتر بلدیاتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ شہر کے چار بڑے مسائل جن میں پانی، سیوریج، صفائی ستھرائی اور ٹرانسپورٹ شامل ہیں ان کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں، ایڈمنسٹر یٹر کراچی نے کہا کہ میری یہ ذمہ داری ہے کہ میں شہر کی خدمت کروں اور پارکوں، کھیل کے میدانوں، سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر سہولتوں سے اس شہر کو مزین کروں، انہوں نے کہا کہ میں نے کے ایم سی کے مختلف محکموں کو اگلے 30 روز کے لئے اپنا اپنا پلان پیش کرنے کے لئے کہا ہے تاکہ مختصر وقت میں جو بھی بہتر اقدامات کئے جاسکتے ہیں ان کی جانب قدم اٹھائے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ ضلع ملیر کے مسائل حل کئے جائیں گے تاکہ اس ضلع کے رہائشی افراد کو بھی وہ سہولتیں میسر آئیں جو کراچی کے دیگر اضلاع کو حاصل ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں