پی ٹی آئی کاسندھ میں مہرقبیلے کوآزمانے کافیصلہ
شیئر کریں
(رپورٹ: شعیب مختار) تحریک انصاف کی جانب سے سندھ میں ارباب غلام رحیم کو فعال کرنے کا منصوبہ ناکام ہونے کے بعد مہر قبیلے کوآزمانے کا فیصلہ کر لیا گیا، جی ڈی اے رہنماچیف سردار علی گوہر خان مہر اور انکے قریبی اتحادی میر ہالار خان پتافی کو میدان میں اتارنے کا مہرہ تیار ہو گیا، آئندہ چند روز میں دونوں رہنماؤں کو اہم ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے ارباب غلام رحیم کے بھتیجے ارباب لطف اللہ کو وزیر اعلیٰ سندھ کا معاون خصوصی مقرر کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی چالوں کا جواب سیاست سے دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر عبدالباری پتافی کے چھوٹے بھائی ہالار خان پتافی کو گھوٹکی میں ان کے مد ِ مقابل کھڑا کرنے کی حکمت ِ عملی مرتب کی گئی ہے، جبکہ مہر قبیلے کو سندھ کی حکمرانی کی دعویدار جماعت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بڑی ذمہ داری دینے کا مسودہ تیار کیا گیا ہے۔ چند روز قبل علی گوہر خان مہر کی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ہونے والی ملاقات بھی اہم تصور کی جا رہی ہے، آ ئندہ چند روز میں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے سندھ کا دورہ کیے جانے کا بھی امکان ہے۔واضح رہے چند روز قبل پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ میں سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سابق صوبائی وزیر نادر اکمل لغاری کو بھی اہم ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا گیاتھا، تاہم ان کی جانب سے طبیعت ناساز ہونے کے باعث تحریک انصاف کی تمام تر پیشکش سے معذرت کرتے ہوئے انکی جگہ ہالار خان پتافی کو ذمہ داری دینے کامطالبہ کیا گیا تھا۔