کراچی کی سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل، سہ روزہ بارش میں 18 افراد جاں بحق
شیئر کریں
شہر قائد میں مسلسل تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی جب کہ اس دوران پیش آنے والے حادثات و واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی۔جن میں سے 11افراد کرنٹ لگنے، ایک بچی ڈوبنے سے جب کہ دو افراد مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوئے۔تفصیلات کے مطابق بارش کے ساتھ ہی کراچی والوں کیلئے مشکلات بڑھ گئیں۔ وقفے وقفے سے بادل برسنے سے سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہوگئیں۔ سیوریج نالے اوور فلو ہونے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، شہری پریشان ہیں۔ کراچی میں بارش کے بعد مختلف مقامات پر پانی جمع ہے۔ قیوم آباد چورنگی پر بھی تاحال بارش کا پانی موجود ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اب تک نکاسی نہ کی جاسکی جس سے کورنگی روڈ سے گزرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کورنگی کاز وے پر ملیر ندی کا پانی بھی سڑک پر آگیا، موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔دوسری جانب پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کو پہنچ گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک آرمی نے کراچی میں ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا، پاک فوج کی ریسکیو ٹیمز متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں، ڈی واٹرنگ پمپس اور ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کی جا رہی ہے، پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، سیلاب اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مزید ریسکیو ٹیمز الرٹ کر دی گئی ہیں۔