ڈینگی کنٹرول پروگرام حکومتی غفلت کی نذر
شیئر کریں
(رپورٹ/ مسرور کھوڑو) سندھ حکومت کی جانب سے کراچی میں شعبہ صحت کے اہم 5 پروگراموں کے لیے ایک کروڑ 95 لاکھ 18 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، اینٹی ملیریا پروگرام کے لیے ایک کروڑ 37 لاکھ 4 ہزار روپے، ڈینگی کنٹرول پروگرام کے لیے صرف 4 لاکھ 26 ہزار روپے، ایڈز کے لیے 17 لاکھ 46 ہزار روپے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے مالی سال 2024-25 کی منظور کردہ بجٹ میں محکمہ صحت کے مختلف اہم پروگرامز کو نظر انداز کر کے بہت ہی کم رقم مختص کی گئی ہے، کراچی ڈویژن کے ضلع سینٹرل، شرقی، کورنگی، ملیر، جنوبی، غربی میں ڈینگی کنٹرول پروگرام کے لیے صرف71 ، 71 ہزار روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ ان اضلاع میں ڈینگی کے شکار لوگوں کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہیں، ڈینگی کے شکار لاکھوں لوگوں کے لئے 71 ہزار روپے مختص کرنا مضحکہ خیز ہے۔ بجٹ میں اینٹی ملیریا پروگرام کے لیے ہر ضلع سینٹرل، شرقی، کورنگی، ملیر، جنوبی، غربی کے 22 لاکھ 84 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں، ہیپاٹائٹس کو کنٹرول کرنے کے لیے کراچی کے ضلع سینٹرل، شرقی، کورنگی، ملیر، جنوبی، غربی کے لیے الگ الگ رقم 2 لاکھ 76 ہزار روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ ایچ آئی وی ایڈز پروگرام کے لیے کراچی کے مذکورہ اضلاع کے لیے 2 لاکھ 78 ہزار روپے دیے گئے ہیں، حکومت نے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے لیے کراچی کے تمام اضلاع میں الگ الگ 3 لاکھ 31 ہزار روپے کی رقم مختص کی ہے۔