میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بھارتی کوروناخطے کیلئے خطرہ ، عوام ضوابط پر عمل کریں ، عمران خان

بھارتی کوروناخطے کیلئے خطرہ ، عوام ضوابط پر عمل کریں ، عمران خان

ویب ڈیسک
جمعه, ۹ جولائی ۲۰۲۱

شیئر کریں

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کا خطرہ بڑھ رہا ہے لہذا احتیاط کیجئے۔ ماسک پہنئے اور ویکسین ضرور لگوائیے۔ احتیاطی تدابیرسے ہی ہم کورونا کی تباہی اور نقصان سے بچ سکتے ہیں۔ کورونا کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ کورونا وباء کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔کورونا وائرس اپنی ہیت مسلسل تبدیل کرتا رہا ہے پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے بڑا مسئلہ بھارت سے پھیلنے والا کورونا وائرس ہے۔ بھارتی قسم کے وائرس سے انڈونیشیاء اور بنگلہ دیش میں بری صورتحال ہے۔عالمی جریدے دی اکانومسٹ نے پاکستان کو کورونا سے مقابلہ کرنے والے 3بہترین ملکوں میں شامل کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم اوربہتر حکومتی حکمت عملی سے ہم کورونا کی تباہی سے بچ گئے۔ ابھی تک اللہ تعالیٰ کاہم پر خاص کرم رہا ہے ہم بڑے نقصان سے بچے رہے۔ اس سلسلے میں عوام نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ پاکستان واحد مسلم ملک ہے جہاں مسلسل 2سال رمضان میں کورونا کے باوجود مساجد کھلی رہیں اب ہمارے کیسز نیچے آتے آتے پھر اوپر جانا شروع ہوگئے ہیں اس کی وجہ شاید یہی ہے کہ بھارتی وائرس پاکستان آنا شروع ہوگیا ہے۔ میری عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں ۔ ماسک کا استعمال سب سے بہتر اور آسان ہے۔ ہمیں خوف ہے کہ کورونا کا چوتھا مرحلہ شروع ہونے والا ہے ۔ احتیاطی تدابیر سے ہی ہم اپنے ملک کو بچاسکتے ہیں ۔ ماسک پہننا کوئی مشکل کام نہیں ہے اس سے ہم اپنے ملک کوبچا سکتے ہیں اپنی معیشت کو بچاسکتے ہیں جسے اب تک بچایا ہے پوری دنیا میں غربت پھیل گئی ہے غریب کچلا گی ہے لاک ڈائون سے زیادہ نقصان غریب اور کمزور طبقے کوہوتا ہے۔ اپنی قوم اور معیشت کی خاطر احتیاط کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔بند جگہوں پر کورونا کے پھیلائو کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس لئے ماسک لازمی پہنیں۔ عید آرہی ہے مارکیٹوں میں لوگوں کا رش زیادہ ہوتا ہے۔ اس لئے ماسک ضرور پہنیں پچھلے سال بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ قربانی شہر سے باہر کی جائے اور اب بھی یہی ہدایت ہے پہلے کی طرح اگر ہم نے احتیاط کی تو کورونا کی چوتھی لہر سے بھی بچ سکتے ہیں۔ اگر کورونا کیسز اوپر چلے گئے تو پھر لاک ڈائون لگانا پڑے گا روزگار متاثر ہوگا اس سے بچنے کیلئے اگرہم ابھی سے احتیاط کرلیں تو ہم اپنے ملک کو مشکل وقت سے بچاسکتے ہیں۔ بنگلہ دیش ۔ انڈونیشیاء میں برے حالات ہیں وہاں لاک ڈائون لگا دیاگیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم پر ایسا وقت نہ آئے ویکسین لگانا ضروری ہے جب تک تمام لوگ ویکسین نہیں لگوالیتے کورونا کی لہریں آتی رہیں گی۔ تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ ویکسین ضرور لگوائیں بدقسمتی سے ہم اپنے ملک میں ویکسین نہیں بناسکے اس لئے پوری آبادی کو ویکسین لگانے میں کچھ دیر لگے گی۔ امریکا، برطانیہ نے اپنے تمام شہریوں کو ویکسین لگا دی ہے۔ اس وقت ہمارے پاس ویکسین کی کافی ڈوز موجودہیں لہذا اس سے فائدہ اٹھایا جائے خاص کرشہروں میں تیزی سے ڈوز دی جائے کیونکہ وہاں رش زیادہ ہوتا ہے اور یہ بیماری رش والی جگہوں میں تیزی سے پھیلتی ہے اگرہم چوتھی لہر سے نکل گئے تو انشاء اللہ ہم اپنے ملک کو اس تباہی سے بچاسکتے ہیں جو باقی ملکوں میں ہوئی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں