صارم برنی کے صدر میں واقع دفتر پر فائرنگ
شیئر کریں
انسانی فلاح و بہبود کی عالمی تنظیم صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر میں واقع دفتر پر فائرنگ، بھابھی کو زبردستی گھر لے جانے والے پرانی سبزی منڈی کے رہائشی نوید احمد ولد شیر محمد کا ٹرسٹ کے کارکنوں پہ تشدد اور سنگین نتائج کی دھمکیاں، ٹرسٹ کے بانی کا وزیرداخلہ سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ایسے عناصر کیخلاف قانونی چارہ جوئی اور ٹرسٹ کے دفاتر کے باہر پولیس موبائل کی تعیناتی کا مطالبہ- تفصیلات کے مطابق انسانی فلاح و بہبود کی عالمی تنظیم صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر میں واقع آفس پر فائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہوگیا-اس ضمن میں ٹرسٹ کے بانی صارم برنی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا پرانی سبزی منڈی کا رہائشی نوید احمد ولد شیر محمد کی بھابھی ہمارے دفتر آئی ہوئی تھی، خاتون کا دیور نوید احمد ہمارے دفتر میں داخل ہوا اور آتے ہی زبردستی اپنی بھابھی کو گھر لے جانے کی کوشش کی جس پہ خاتون نے مزاحمت کی اور کہا کہ مجھے گھر نہیں جانا-ٹرسٹ کے چیئرمین صارم برنی نے کہا کہ دفتر میں موجود ہمارے کارکنان نے خاتون کو درندے سے بچانے کے لیے مداخلت کی تو ملزم نوید احمد نے ناصرف ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں اور جاتے جاتے ہوائی فائرنگ بھی کی-سماجی رہنما صارم برنی ٹرسٹ کے بانی صارم برنی نے کہا کہ آئے دن ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں لیکن ہماری ٹیم اپنے جان پر کھیلتے ہوئے دکھی انسانیت کی جانیں بچا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مشکل حالات میں کام کرنا خطرے سے باہر نہیں، وزیراعلیٰ سندھ،وزیرداخلہ سندھ،آئی جی سندھ دیگر قانون نافذ کرنے والے امن و امان کی بحالی کے لیے ایسے عناصر کیخلاف قانونی چارہ جوئی کیساتھ ہمارے ٹرسٹ کے دفاتر کے باہر پولیس موبائل کی تعیناتی یقینی بنائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے- صارم برنی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے لیے پولیس رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون ناگزیر ہے-