بچوں کے خلاف سنگین جرائم،اسرائیل اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں شامل
شیئر کریں
اقوام متحدہ نے غزہ میں بچوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اسرائیل کو اپنی بلیک لسٹ میں شامل کر لیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ فہرست، جسے لسٹ آف شیم بھی کہا جاتا ہے ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے آفس کی طرف سے پیش کی گئی ایک سالانہ رپورٹ سے منسلک ہے جس میں مسلح تنازعات میں بچوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو درج کیا گیا ہے ۔اس بلیک لسٹ میں روس، افغانستان، صومالیہ، شام، یمن، داعش اور بوکو حرام بھی شامل ہیں۔اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ جون کے آخر تک شائع کر دی جائے گی۔گزشتہ ہفتے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے مطابق غزہ میں کم از کم پانچ میں سے چار بچے 72 گھنٹوں میں سے پورا ایک دن خوارک کے بغیر رہے ہیں۔فلسطینی حکومت کے مطابق، کم از کم 32 افراد، جن میں سے بیشتر تعداد بچوں کی ہے ، غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک خوراک کی قلت سے جان سے جا چکے ہیں۔بچوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بہت عرصے سے اقوام متحدہ پر زور دے رکھا تھا کہ وہ اسرائیل کو فہرست میں شامل کرے ۔ 2022 میں اقوام متحدہ نے تنبیہ جاری کی تھی کہ اگر اسرائیل نے بچوں کے حقوق میں بہتری نہیں لائی تو وہ فہرست کا حصہ بن سکتا ہے ۔