چند ہفتے بعد وینٹی لیٹرز بننا شروع ہوجائیں گے ،فواد چودھری
شیئر کریں
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے لڑنے کے لیے چند ہفتے بعد پاکستان میں وینٹی لیٹرز بننا شروع ہوجائیں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز کے علاوہ پاکستان تمام سامان خود بنا رہاہے۔ اسی رفتار سے کورونا جاری رہا تواسپتالوں پربوجھ پڑیگا۔ شہری ماسک پہنیں اور آپس میں 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی)نے کورونا وبا سے لڑنے کے لیے مزید 250 وینٹی لیٹرز ملک کے مختلف اسپتالوں کو فراہم کردیے ہیں۔جاری پریس ریلیر میں کہا گیا تھا کہ اسرکاری اسپتالوں کو وینٹی لیٹرز دینے کا مقصد انتہائی نگہداشت یونٹس کی صلاحیت کو بہتربنانا ہے۔این سی او سی کے مطابق پنجاب میں فیصل آباد، ملتان ، راولپنڈی اور لاہور کو 72 وینٹی لیٹر دیے گئے۔ سندھ میں کراچی اور سکھر کے لیے 52 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے تھے۔این سی او سی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پشاور اور ایبٹ آباد کے سرکاری اسپتالوں کے لیے 52 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے۔بلوچستان میں کوئٹہ شہر کو 20 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے تھے۔این سی او سی کے مطابق وینٹی لیٹرز،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے اسپتالوں میں بھی فراہم کیے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان کو 10 اور آزاد کشمیر کو 10 نئے وینٹی لیٹر دیے گئے ہیں۔این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں پمز کو 24 اور پولی کلینک کو 10 نئے وینٹی لیٹرز دیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں 747 اسپتالوں میں کورونا کے آئسولیشن وارڈ اور علاج کی سہولتیں میسر ہیں۔اس سے قبل چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا تھا کہ 700 وینٹی لیٹرز جون کے آخر تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔