جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا
شیئر کریں
چیف جسٹس آصف سعیدکھوسہ بین الاقومی جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے لندن پہنچ گئے جبکہ ان کی جگہ جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔سپریم کورٹ کے جج جسٹس مشیر عالم نے جسٹس گلزار احمد سے حلف لیا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سمیت 17 ججز صاحبان ہیں، جن میں سے 8 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا تاہم9ججز صاحبان یہ اہم ترین عہدہ ملنے سے قبل ہی ریٹائرڈ ہوجائیں گے ۔17 ؍جنوری 2019 کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریٹائرڈ ہونے کے بعد 18 جنوری کو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ اسی سال 20 دسمبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے ۔ان کے بعد جسٹس گلزار احمد اس عہدے پر فائز ہوں گے اور وہ یکم فروری 2022 تک چیف جسٹس کے عہدہ سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے ، ان کے بعد 2 ؍فروری کو جسٹس عمر عطا بندیال، چیف جسٹس کا منصب سنبھالیں گے اور وہ 16ستمبر 2023 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے ۔