سندھ حکومت نے کراچی میں گرمی کی شدت سے متعلق پیغام کی تردید کردی
شیئر کریں
سندھ حکومت نے کراچی میں گرمی کی شدت انتہائی بڑھنے سے متعلق چلنے والے میسج کی تردید کردی۔کراچی میں گزشتہ ماہ سے گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور شہر کا پارہ 41 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کے باعث شہر میں شدید حبس اور گرمی آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہے گی۔دوسری جانب کراچی میں گرمی کے حوالے سے ایک جعلی میسج بھی گردش کررہا ہے جس میں سندھ حکومت کا حوالہ دے کر ایک الرٹ جاری کیا گیا ۔الرٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ چار روز میں کراچی کا درجہ حرارت 50 سے 55 ڈگری تک رہے گا، شہری صبح 9 سے دوپہر 4 بجے تک باہر نہ نکلیں اور کم سے کم 8 سے 9 لیٹر تک پانی کا استعمال کریں جبکہ اس پیغام کو مزید پھیلانے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر گھومنے والے اس میسج کی تردید کی گئی ہے۔اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر گردش کرنے والے پیغام کو سندھ حکومت نے جاری نہیں کیا اور نہ ہی کوئی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہری اس طرح کے جھوٹے اور جعلی پیغامات پر کان نہ دھریں۔