عمران خان نے وزیرآباد حملے کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا، شہباز شریف
شیئر کریں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے وزیرآباد حملے کے قابل مذمت واقعہ کو گھٹیا سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا،ان کی سیاست جھوٹ، یوٹرن اوراداروں پرگمراہ کن حملوں سے عبارت ہے ،عمران خان کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد پاک فوج کو بدنام کرنے کیلئے بنائی گئی ٹرول بریگیڈ کے ہوتے دشمن کی ضرورت نہیں ، مسلح افواج کے شہداء کے خلاف عمران خان وزیرآباد حملے سے پہلے بھی پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں پر کیچڑ اچھال رہے تھے۔ منگل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ٹوئٹ کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کی سیاست کی تعریف صریحاًجھوٹ،یو ٹرن اور اداروں پر گمراہ کن حملوں سے عبارت ہے،اس کا مقصد عدلیہ کو اپنی مرضی کے مطابق جھکانا اور ایسا برتائو کرنا ہے جیسا آپ پرکوئی قانون لاگو نہیں ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں (وزیراعظم ) نے اپنے ٹوئٹ میں جو کچھ عمران خان کے بارے میں کہا ہے وہ پچھلے کچھ برسوں کے حقائق سے ثابت ہے۔ وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں عمران خان سے جواباً سوال کیا کہ کیااقتدار سے بے دخلی کے بعد پاک فوج کو بطور ادارہ بدنام کرنا آپ (عمران خان )کی سیاست میں بار بار ہونے والا عمل نہیں؟۔ انہوںنے کہاکہ کیا آپ نے وزیر آباد حملے سے پہلے فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کی قیادت پر کیچڑ اچھالنے کا سہارا نہیں لیا؟روزانہ کی بنیاد پر دھمکیاں دینے اور بے بنیاد الزامات لگانے کے علاوہ آپ نے کون سا قانونی راستہ اختیار کیا؟