لاک ڈاون کی صورتحال میں بتدریج نرمی کی جا رہی ہے ،وزیراعظم آفس
شیئر کریں
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ ملک میں لاک ڈاون کی صورتحال میں بتدریج نرمی کی جا رہی ہے ، لوگ مارکیٹ اور بازاروں میں جاتے وقت ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے ٹویٹر اکائونٹ سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کورونا وائرس کے پیش نظر چند احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا انتہائی ضروری ہے ۔ دکاندار انفرا ریڈ تھرمویٹرز کے ذریعے گاہکوں کا ٹمپریچر چیک کرنا ہرگز نہ بھولیں۔ سٹور کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینی ٹائزرز کی دستیابی یقینی بنائیں۔ سٹور کے اندر داخل ہونے والے صارفین کے لئے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیں، سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کے لئے سٹورز کے اندر ضروری انتظامات کریں۔ پیغام کے مطابق سٹورز میں موجود ٹرالیوں کو جراثیم سے پاک کریں، سٹورز ملازمین کے لئے ماسک اور گلوز کا استعمال یقینی بنائیں، سٹورز کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ،خود بھی محفوظ رہیں، دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔