فیلڈ مارشل جنگ بندی کیلئے کئی راتیں جاگے، وزیراعظم
شیئر کریں
ایرانی و امریکی قیادت سے رابطے میں رہے، اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت کی
ہم نے اور دوست ممالک نے امن معاہدے کیلئے کوششیں کیں،کابینہ اجلاس سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ایران امریکا مذاکرات میں اہم کردار پر فیلڈ مارشل کے لیے تالیاں بجائی گئیں، وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل کئی راتیں جاگے جس میں وہ ایرانی اور امریکی قیادت سے رابطے میں رہے۔کابینہ سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اور دوست ممالک نے امن معاہدے کے لیے جو کوششیں کی ہیں وہ اللہ تعالیٰ کو پسند آئیں، ہمیں اس ذات باری تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے اس پورے خطے کو تقریباً اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے اور پورا خطہ متاثر تھا مگر جنگ بندی کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت و قار سے نوازا، پاکستان کی سفارتی محاذ پر یہ کامیابی پورے 24 کروڑ عوام کی کامیابی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے شعلے دو ہفتے کے لیے بجھے ہوئے ہیں، پاکستان کو اللہ نے آج شاندار کامیابی و عزت سے نوازا ہے آج پوری دنیا میں ٹی وی چینلز پاکستان کی کامیابی کی بات کررہے ہیں یہ رب کے حضور سجدہ ریز ہونے کا موقع ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد عرصے میں ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے، امریکی اور ایرانی قیادت کے ساتھے رابطے ہوئے اور باتیں ہوئیں ہم سب کو مل کر ان کے لیے تالیاں بجانی چاہئیں۔ وزیراعظم کے کہنے پر فیلڈ مارشل کے لیے تالیاں بجائی گئیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی و عسکری قیادت یکسو ہے اور یکسو ہی رہے گی، مشترکہ کاوشوں سے مسلم ممالک کے درمیان امن کا کردار ادا کیا، میں نے اپنے پورے سیاسی کیریٔر میں عسکری و سیاسی قیادت میں اتنا کوآرڈینیشن کبھی نہیں دیکھا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایرانی صدر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست کو قبول کیا، امریکی صدر کا شکر گزار ہوں کہ میری درخواست پر انہوں ںے دو ہفتوں کا عارضی سیز فائر کیا، میں قطر، ترکی، مصر، عمان، انڈونیشیا، یو اے ای، ترکیہ، سعودی عرب کا شکر گزار ہوںِ، کل سعودی ولی عہد سے بات ہوئی ان کے سب سے بڑے آئل کمپلیکس پر حملہ ہوا اس پر اظہار افسوس کیا اور کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنگ وقتی طور پر ٹل گئی ہے مگر ہماری منزل پائیدار اور دیرپا امن کا قیام ہے، پرسوں امریکی و ایرانی وفود پاکستان آئیں گے امید ہے مذاکرات کامیاب ہوں گے۔یہ جنگ بندی فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے جسے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


