قومی اسمبلی کاہنگامہ خیزاجلا س، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ایجنڈے میں شامل
شیئر کریں
قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے (آج) ہفتہ کو طلب کیا جانے والا اجلاس کا چھ نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 9اپریل 2022 بروز ہفتہ صبح ساڑھے 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔چھ نکاتی ایجنڈے کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہو گا، پھر حدیث و نعت خوانی کے بعد قومی ترانہ بجایا جائے گا۔اس کے بعد الگ سے سوالات شامل کیے جائیں گے جس کے بعد فہیم خان توجہ دلاؤ نوٹس پر کنٹونمنٹ بورڈ میں کونسلرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھائیں گے۔ایجنڈے میں چوتھا آئیٹم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے 28 مارچ 2022 کو درج ذیل قرارداد پیش کر کے ووٹنگ کی درخواست کی تھی، اس قرارداد کے مطابق، ’اس قرارداد کے ذریعے آئین کے آرٹیکل 95 کی شق (1) کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ اسے وزیر اعظم عمران خان پر عدم اعتماد ہے اور اس کے نتیجے میں وہ شق (4) کے تحت عہدہ چھوڑ دیں۔اس کے علاوہ پوئنٹ آف آرڈر کے علاوہ رول18 کے تحت معاملات اٹھائے جائیں گے جبکہ توجہ دلاؤ نوٹس میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بات کی جائے گی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے 8 مارچ کو تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی جس پر تاخیر کے بعد 3 اپریل کو ووٹنگ متوقع تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہیں وقفہ سوالات میں بات کرتے ہوئے وزیر قانون فواد چوہدری کی جانب سے قرارداد پر سنگین اعتراضات اٹھائے گئے۔فواد چوہدری نے اپوزیشن کی پیش کردہ تحریک عدم اعتماد کو بیرونِ ملک سے پاکستان میں حکومت تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے عدم اعتماد کی تحریک کو آئین و قانون کے منافی قراد دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا اور اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا تھا۔ایوانِ زیریں کا اجلاس ملتوی ہونے کے فوراً بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے صدر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے قوم کو نئے انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔