رمضان شوگر ملز کیس،شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد
شیئر کریں
احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔ منگل کو لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الاحسن بخاری نے رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی۔ تاہم دونوں ملزمان کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر ا ستغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا ۔ دوران سماعت شہباز شریف نے بتایا کہ میں نے 10سالوں میں قومی خزانہ کے 2300 ارب روپے بچائے ، کیا میں نے نالے کے لیے قومی خزانہ ہی استعمال کرنا تھا، نیب نے غلط کیس بنائے ہیں ۔ کوئی پیسہ غلط استعمال نہیں ہوا۔ اس پر عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ ابھی آپ پر الزام ہے جسے ابھی ثابت ہونا باقی ہے ۔ فرد جرم عائد ہونے کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت سے روانہ ہو گئے ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔