نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے پولنگ آج ہوگی
شیئر کریں
پاکستان کے نئے صدر مملکت کے انتخاب کے لیے پولنگ (آج)ہفتہ کو منعقد ہو گی،پارلیمنٹ ہائوس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں پر منتخب اراکین صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے ۔ صدارتی انتخاب میں حکمران اتحاد کے امیدوار سابق صدر آصف علی زرداری اور سنی اتحاد کونسل و دیگر اپوزیشن کے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی کے درمیان مقابلہ ہے ،سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین پارلیمنٹ ہائوس میں اسمبلی ہال میں اپنا ووٹ ڈالیں گے ،صدر کا انتخاب خفیہ رائے دہی کی بنیاد پر ہو گا جہاں پر سینیٹ ، قومی اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار ہو گا جبکہ پنجاب ،خیبر پختونخوا اور سندھ اسمبلی میں اراکین کی تعداد کو بلوچستان اسمبلی کے برابر ووٹوں میں تقسیم کر کے تناسب نکالا جائے گا۔ صدر مملکت کے انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول یکم مارچ کو جار ی کیا گیا تھا جس کے مطابق کاغذات نامزدگی 2 مارچ ان کی جانچ پڑتال 4 مارچ ، کاغذات نامزدگی کی واپسی 5مارچ جبکہ ریٹائرمنٹ کی تاریخ 6 مارچ مقرر کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواروں سے کہا ہے کہ وہ پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل متعلقہ ایوان یا اسمبلی کے ممبران میں سے ایک ایک پولنگ ایجنٹ نامزد کر سکتے ہیں جو پولنگ اور گنتی کے عمل کا مشاہدہ کرے گا۔