پاکستان میں پی ایس ایل میلہ سجنے کو تیار، 38 غیر ملکی کرکٹرز کراچی پہنچ گئے
شیئر کریں
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھ میچز کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریوں کو آخری شکل دی جارہی ہے ، سیکیورٹی اداروں نے اسٹیڈیم اور اطراف کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔غیر ملکی کھلاڑیوں کی شہر قائد آمد شروع ہوگئی ہے ۔ملک کے سب سے بڑے شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور کرکٹ کے بخار نے کرکٹ کے دیوانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔کراچی کے تین بڑے ہوٹلوں میں کھلاڑیوں، آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور دیگر مہمانوں کو ٹھہرانے کیلئے کمرے بک کرائے گئے ہیں۔کراچی کنگز کے کئی غیر ملکی کھلاڑی اور کوچ مکی آرتھرکراچی پہنچ گئے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے 8 میچوں میں شرکت کیلئے 6 ٹیموں کے 38غیر ملکی کرکٹرز کراچی آئے ہیں۔ سپورٹ اسٹاف، براڈ کاسٹرز، کمنٹیٹرز اور پی سی بی مہمانوں سمیت تقریبا 100سے زائد غیر ملکی پی ایس ایل میچوں کیلئے آرہے ہیں۔کمنٹیٹرز میں جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر جونٹی رھوڈز، نیوزی لینڈ کے ڈینی موریسن اور انگلینڈ کے ایلن ویلکنز شامل ہیں۔طویل عرصے بعد اتنی بڑی تعداد میں غیر ملکی ایک ساتھ کسی کرکٹ ایونٹ کیلئے کراچی آرہے ہیں۔