بھارت نے ایل او سی پر امریکی جاسوس ڈرون استعمال کرنا شروع کردیئے
شیئر کریں
اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارت نے لائن آف کنٹرول پر امریکی ساختہ ڈرونز استعمال کرنے شروع کردیئے ہیں جن کا مقصد پاکستان کی جاسوسی کرنا ہے۔بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے علاقوں راجوڑی اور پونچھ سیکٹر میں ڈرونز کا استعمال شروع کردیا ہے۔ نائٹ وژن یعنی رات میں دیکھنے کی صلاحیت سے لیس یہ ڈرونز امریکی ساختہ ہیں اور ممکنہ طور پر امریکا ہی سے براہِ راست خریدے بھی گئے ہیں جبکہ ان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سرینگر میں بنایا گیا ہے جہاں سے پاکستانی سرحد پر فوجیوں اور افراد کی نقل و حرکت پر ان ڈرونز کے ذریعے نظر رکھی جارہی ہے۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید بڑھانے کا سبب بنے گا۔ اگرچہ ان جاسوس ڈرونز کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں لیکن ذرائع کے مطابق جاسوسی اور نگرانی میں استعمال ہونے والے یہ ڈرونز وہی ہیں جنہیں پاکستان نے خریدنے کےلیے واشنگٹن سے بات کی تھی لیکن امریکا نے انہیں پاکستان کو فروخت کرنے سے انکار کردیا تھا۔بھارت کی جانب سے خودکار جاسوس طیاروں یعنی ڈرونز کے ذریعے پاکستانی سرحدی علاقوں کی نگرانی کوئی نئی بات نہیں البتہ اس سے پہلے اس مقصد کےلیے بھارت نے اسرائیلی ساختہ ڈرونز کا بڑے پیمانے پر استعمال جاری رکھا ہوا تھا۔