ڈیفنس میں جج کا جوان بیٹا دوست کی فائرنگ سے قتل
شیئر کریں
ڈیفنس میں جج کے نوجوان بیٹے کو دوست نے تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے مار دیا، پولیس نے دوست کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 5 بنگلہ نمبربی 4/18 میں فائرنگ سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ جاوید کیریو کا جواں سال بیٹا علی کیریو شدید زخمی ہوگیا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا بعدازاں جناں اسپتال منتقلی کے دوران وہ دم توڑ گیا۔پولیس حکام کے مطابق مقتول علی کیریو اپنے دوستوں کے ساتھ ان کے گھر پر موجود تھا جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، مقتول علی کیریو اپنے دوست دانیال نذیر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا، ملزم دانیال نذیر ریٹائرڈ ایس پی نذیر میر بہر کا بیٹا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساتھ کے بیٹے علی کیریو کے جاں بحق ہونے کا واقعہ جمعرات کو پیش آیا، پولیس نے مقتول کے دوست دانیال نذیر کوگرفتار کرکے اس کے خلاف مقتول علی کیریو کے کزن شہباز عالم کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 24/69 بجرم دفعہ 302 کے تحت درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایا کہ وہ 8 فروری کو اپنے چاچا کے گھر فلیٹ نمبر 103 ججز اپارٹمنٹ اسٹریٹ 11 اے باتھ آئی لینڈ کلفٹن میں موجود تھا کہ جہاں دانیال نذیر نے ان کے کزن علی کیریو کو تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے ہلاک کیا لہذا قانونی کارروائی کی جائے۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتفاقیہ طور پر پیش آیا یا پھر جان بوجھ کو مقتول نوجوان کو قتل کیا گیا اس حوالیسے تفتیش کی جا رہی ہے۔