الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام ،حافظ نعیم الرحمن
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جمعہ کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن پر امن اور منصفانہ انتخابات کرانے میں ناکام اور پوری دنیا کے سامنے تماشہ بنا ہوا ہے۔ ہم جیت گئے ہیں ہماری جیتی ہوئی سیٹیں ہمیں ملنی چایئے۔ اہل کراچی نے سب سے زیادہ ووٹ جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں کو دیے لیکن بد ترین دھاندلی اور نتائج تبدیل کرکے ایک بار پھر سے ایم کیو ایم کو شہرپر مسلط کیا جارہا ہے ،ایم کیو ایم کو پورے شہر میں صرف5فیصد ووٹ ملے اس کے باوجود اسے قومی وصوبائی اسمبلی کی نشستیں دے دی گئیں ،جماعت اسلامی کے پاس فارم 45اور46موجود ہیں جن کے مطابق ہم جیتے ہیں ،شہری پوچھ رہے ہیں کہ ہم ووٹ بھی دیتے ہیں اس کے باوجود ہروادیا جاتا ہے۔ ہم تاریخ کی بدترین دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ کی توہین کے خلاف زبردست احتجاج و دھرنا دیں گے اوراحتجاج کا دائرہ پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ الیکشن کمیشن بتائے کہ وہ اسی طرح سے بار بار مینڈیٹ پر قبضہ کر کے عوام کو کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔ اگر من پسند نتائج ہی حاصل کرنے تھے اور جیتنے والوں کو ہروانا تھا تو انتخابات پر 48ارب روپے کیوں خرچ کیے گئے ؟جماعت اسلامی جائز و قانونی حقوق کے لیے آواز اٹھائے گی۔پریس کانفرنس میں جنرل سکریٹری جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ، نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان ، رکن سٹی کونسل قاضی صدر الدین اور سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔