میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
آصف زرداری اور چودھری برادران ملاقات

آصف زرداری اور چودھری برادران ملاقات

ویب ڈیسک
بدھ, ۹ فروری ۲۰۲۲

شیئر کریں

سابق صدر آصف زرداری نے لاہور میں چوہدری برادران سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال اور پرانی یادیں تازہ کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور چوہدری برادران کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری اور چوہدری برادران کی ملاقات میں حکومت مخالف تحریک یا عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔آصف زرداری کی چوہدری برادران سے ملاقات دو گھنٹے جاری رہی اور ملاقات کے دو دور ہوئے۔ ملاقات کے پہلے سیشن میں چوہدری برادران، طارق بشیر، مونس،سالک حسین موجود تھے جب کہ آصف زرداری کے ساتھ پولیٹیکل سیکرٹری رخسانہ بنگش ملاقات کا حصہ بنیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوسرے سیشن میں چوہدری برادران اورآصف زرداری کی الگ ملاقات ہوئی، ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مہنگائی کا مسئلہ بھی زیرغور آیا تاہم عدم اعتماد یا حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں جانب سے پرانی یادیں تازہ کی گئیں جب دونوں اتحادی تھے۔ سابق صدر زرداری نے کہا کہ ہم جب اتحادی تھے تو پرویز الٰہی ڈپٹی وزیراعظم تھے اور ہم نے وہ وقت بڑا اچھا گزارا۔ اس موقع پر پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمیں یاد ہے کہ آپ کے 22 اورہمارے 17 وزیرتھے، آپ بڑے دل والے ہیں۔ ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت نے زرداری کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ میں آپ کے پاس گیا تھا تو آپ نے کہا تھا کہ بس اس سے زیادہ وزارتیں نہیں دے سکتا، اتنا اچھا تعلق تھا ہمارا۔میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ہوسکتا ہے کہ زرداری صاحب چیک کرنا چاہتے ہوں اور جب انہوں نے ملاقات میں ایسا کوئی ماحول نہیں دیکھا تو حکومت مخالف تحریک یا عدم اعتماد کے حوالے سے کوئی بات ہی نہیں کی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ آصف زرداری اور چوہدری برادران کی آئندہ چند دنوں میں ایک اور ملاقات ہو سکتی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں