آج عدالتیں بھی غیر محفوظ ہیں، شاہدخاقان عباسی
شیئر کریں
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج عدالتیں بھی غیر محفوظ ہیں، ملک میں آئین و قانون اور عدالتوں کا یہ حال ہوگا تو بڑی نا انصافی ہو گی، ملک کے حکمرانوں کو آئین و قانون کی کوئی پرواہ نہیں ہے ،جب حکومت عوام کی نمائندہ نہ ہو تو یہی ہوتا ہے جو ملک میں ہو رہا ہے ۔اسلام آبادکی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت وکلا سے اشتعال انگیزی کرے گی تو آگے سے بھی اشتعال انگیزی ہی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کسی کا دفتر یا کوئی جگہ گرانے سے پہلے نوٹس دیا جاتا ہے ، پہلے بتایا جاتا ہے ، آگاہ کیا جاتا ہے ، بغیر نوٹس کے گرائیں گے تو کل والا واقعہ دیکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں کو آئین و قانون کی کوئی پرواہ نہیں ہے ،جب حکومت عوام کی نمائندہ نہ ہو تو یہی ہوتا ہے جو ملک میں ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور گزشتہ روز ہائیکورٹ کا واقعہ پیش آیا، آج ملک کی عدالتوں کے دروازے بھی بند ہوگئے ، ان عدالتوں میں جو کیس ہیں اور جو فیصلے ہیں انہیں پوری دنیا جانتی ہے ۔